اسلام آبادہائیکورٹ کا بغاوت کے مقدمے میں ڈاکٹر شہباز گل کو رہا کرنے کا فوری حکم

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماڈاکٹرشہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا فوری حکم جاری کردیا۔
اداروں کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی) رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے روبرو وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بدنیتی اور سیاسی بنیادوں پر یہ کیس بنایا گیا، اس کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے پورا کیس ایک تقریر کے اردگرد گھومتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیے: بغاوت پر اُکسانے کا الزام؛ڈاکٹر شہباز گل نے درخواست ضمانت دائر کردی
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی آر میں لکھی ہوئی باتیں ڈاکٹر شہباز گل نے کہیں تھیں ؟ کیا آپ آرمڈ فورسز کو سیاست میں ملوث کرنے کے بیان کو اب جسٹیفائی کر سکتے ہیں؟۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آئین کے مطابق فوج کو سیاست میں ملوث کیا جا سکتا ہے کیا؟ کیا سیاسی جماعت کے ایک ترجمان کے ان الفاظ کا کوئی جواز پیش کیا جا سکتا ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ صرف تقریر نہیں ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر شہباز گل کی گفتگو میں آرمڈ فورسز سے متعلق کہیں پر بھی نامناسب الفاظ استعمال نہیں کیے گئے۔ ڈاکٹرشہباز گل کی گفتگو کے مخصوص حصے بدنیتی سے نکالے گئے ہیں۔ شہباز گل نے اپنی گفتگو میں نو جگہوں پر ن لیگ کی لیڈرشپ کا نام لیا ۔ کیوں گفتگو کے اس حصے کو نکال دیا گیا ؟ اصل میں یہ بدنیتی پر مبنی ہے ۔
اس موقع پر وکیل نے ڈاکٹر شہباز گل کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ پڑھ کرسناتے ہوئے کہا کہ شہباز گل نے اتنا انتشار تقریر میں نہیں پھیلایا جتنا مدعی مقدمہ نے بنایا جب کہ مدعی اس کیس میں متاثرہ فریق نہیں ہے ۔ آرمڈ فورسز کی طرف سے مقدمہ درج کرانے کا اختیار کسی اور کے پاس نہیں۔ گیارہ جرم ایف آئی آر میں شامل کر دیے گئے، مقصد یہ تھا کوئی تو شہباز گل پر لگ جائے گا ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آرمڈ فورسز اتنی ابھی کمزور نہیں کہ کسی کے غیر ذمے دارانہ بیان سے ان پر اثر ہو ، لیکن ڈاکٹر شہباز گل کے غیر ذمے دارانہ بیان کو کسی طور بھی جسٹیفائی نہیں کیا جا سکتا ۔ کیا بغاوت کا مقدمہ درج کرنے سے پہلے حکومت کی اجازت بھی لی گئی تھی؟ جس پر سلمان صفدر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا ہے کہ اجازت نہیں لی گئی تھی جب کہ اسپیشل پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ اجازت لی گئی تھی۔
وکیل ڈاکٹر شہباز گل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے بھی کہا تھا غلط آرڈرز کو نہ مانا جائے ۔ڈاکٹر شہباز گل نے بھی وہی کہا تھا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نہیں ، یہ لاپروائی پر مبنی بیان تھا ۔شہباز گل پارٹی ترجمان ہیں، ان کو علم نہیں تھا کہ آرمڈ فورسز نے سیاست میں ملوث نہ ہونے کا حلف لے رکھا ہے۔
چیف جسٹس نے پراسیکیوٹر سے سوالات کیے کہ کیا تفتیش میں سامنے آیا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے کسی سولجر سے بغاوت کے لیے رابطہ کیا؟ بغاوت کے کیس کو تو یہ عدالت مانتی ہی نہیں۔ اس کے علاوہ کچھ دلائل دیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈاکٹر شہباز گل نے کسی ایک کو کہا ہو کہ آپ بغاوت کریں ؟ ، جس پر پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے کہا کہ انہوں نے ایک کو نہیں بلکہ سب کو کہا ۔
پراسیکیوٹر نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تقریر سے اشتعال دلانا بغاوت پر اُکسانے کے مترادف بلکل ہے۔ اصل میں بغاوت کا ہو جانا ضروری نہیں۔ ڈاکٹرشہباز گل نے بات ایک نیوز چینل پر کہی تھی۔ وہ نیوز چینل ملک کا ہر دوسرا شہری دیکھ رہا تھا ۔ آرمڈ فورسز میں بھی نیوز چینل بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہ بغاوت پر اکسانے کا الزام ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے کسی ایک کو کہا ہو کہ بغاوت کرو تو بتائیں؟۔راجا رضوان نےبتایا کہ انہوں نے ایک کو نہیں، سب کو بغاوت پر اکسانے کا کہا۔ چیف جسٹس نے اب استفسار کیا کہ قانون میں جو لکھا ہے اس کے مطابق بتائیں کیسے یہ الزام بنتا ہے؟
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی تک آپ نہیں بتا سکے کہ شہباز گل نے کسی سولجر سے رابطہ کیا ہو ۔ جب تک ٹھوس مواد نہ ہو کسی کو ضمانت سے محروم نہیں کرنا چاہیے۔کل کو وہی شخص بے قصور نکلا تو اس کا کوئی ازالہ نہیں ہو سکتا ۔ آپ کارروائی ضرور کریں لیکن ٹھوس مواد تو سامنے لائیں۔ آپ بتائیں کیوں کس بنیاد پر یہ عدالت انہیں ضمانت نہ دے۔ اگر ایسا ہے تو پھر تو یہ مزید انکوائری کا کیس ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔